کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیشنل پارٹی کے رہنما محمد رمضان ہزارہ نے کہا ہے کہ ہزارہ ٹائون میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام ی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے ، ہزارہ ٹاؤن کیلئے فوری طور پر الگ گرڈ اسٹیشن کی منظوری دے کر غیراعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کا خاتمہ کیا جائے ، بصورت دیگر 4 جون کو مغربی بائی پاس کو احتجاجاً بلاک کریں گے ۔ یہ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ ٹاون حلقہ پی بی 40 گنجان آباد علاقہ ہے لیکن علاقے کے عوام عرصہ دراز سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور انتہائی کم وولٹیج کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں ، چوبیس گھنٹے میں اٹھارہ گھنٹے بجلی نہ ہونا کہاں کا انصاف ہے اور بجلی آ بھی جاتی ہے تو اس وولٹیج انتہائی کم اور دن بھر بجلی کی آنکھ مچھولی جاری رہتی ہے ۔ بجلی سے وابستہ کاروبار بری طرح متاثر ہوکر رہ گئے ہیں، غریب بلوں کی ادائیگی کے باوجود یو پی ایس اور سولر سسٹم لگانے پر مجبور ہیں ۔ سو فیصد بل ادا کرنے کے باوجود ہزارہ ٹاؤن کو کوئٹہ کے مختلف گرڈ اسٹیشنوں سے بجلی فراہم کی جارہی ہے ہونا تو یہ چاہیے کہ اتنی بڑی آبادی والے علاقے کو الگ گرڈ اسٹیشن دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے گرڈ اسٹیشنوں پر بجلی چوری معمول ہے جس کی وجہ سے ہزارہ ٹاؤن میں 18 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کارویہ اختیار کیا جارہا ہے ۔