• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم تکبیر کا جشن منانا ہماری قومی ذمہ داری ہے،کسان اتحاد پاکستان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کسان اتحاد پاکستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی بقا ، خودمختاری اور قومی عزت و وقار کا دن ہے ،یوم تکبیر کا جشن منانا ہماری قومی ذمہ داری ہے، یہ دن ہمیں اپنی عظمت ، قربانیوں اور عزم کی یاد دلاتا ہے یہ دن ہمیں یقین دلاتا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور خودمختار ملک ہے جو اپنے دشمنوں کے سامنے کبھی نہیں جھک سکتا ۔ یہ بات کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ اور دیگر نے بدھ کو کسان اتحاد کے زیراہتمام یوم تکبیر کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی کے شرکا سے خطاب میں کہی۔قبل ازیں کسان اتحاد کے زیراہتمام ائیر پورٹ چوک سے اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ، شرکاء سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا وہ دن ہے جسے کوئی پاکستانی کبھی بھول نہیں سکتا ، 28 مئی 1998 کو پاکستان نے چاغی میں کامیاب ایٹمی تجربات کرکے دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا ،یوم تکبیر کی بدولت پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کیا اور ایک مضبوط دفاعی نظام کی بنیاد رکھی ۔ یوم تکبیر صرف ایک دن نہیں بلکہ ایک عزم کی تجدید کا دن بھی ہے ، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنی خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہمیشہ چوکنا رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر کا پس منظر بہت اہم ہے ، بھارت کے ایٹمی تجربات کے بعد پاکستان کے لیے اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کا چیلنج بڑھ گیا تھا ، بھارتی ایٹمی تجربات نے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بگاڑ دیا تھا اور پاکستان کے لیے ایک واضح پیغام تھا کہ اسے اپنے دفاع کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ایسے میں پاکستان نے عالمی دباو اور پابندیوں کے خطرے کے باوجود اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کو مقدم رکھا اور ایٹمی تجربات کرنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان ایٹمی تجربات نے نہ صرف پاکستان کی قومی سلامتی کو یقینی بنایا بلکہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو بھی ناکام بنایا ، انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران کسانوں کے بیٹوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک کا دفاع کیا جنہیں ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید