• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمسایہ سمیت تمام ممالک کیساتھ مضبوط اور مستحکم تجارتی تعلقات چاہتے ہیں

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے لینڈ روٹس جنوبی ایشاء اور وسطی ایشیاء کو لنک کرنے کےلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، ازبکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے لوگ بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے موجود مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کےلئے آگے آئیں اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیدار و ارکان اور بزنس کمیونٹی ہر ممکن تعاون اور جوائنٹ وینچر کےلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ بلوچستان کے سینئر ممبر زین اللہ خان نےازبکستان کے شہر ترمیز میں منعقد ترمیز ڈائیلاگ آن سنٹرل ایشیئن ریپبلکس اینڈ ساؤتھ ایشیاء کنیکٹیویٹی کے پہلے سیشن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے پانچ رکنی وفد میں سینئر ممبر زین اللہ خان،سید فرید اللہ،قیصر عباس،عبدالناصر اور محمد رفیق شامل ہیں ۔ وفد نے سپاسنامہ پیش کیا اور کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری اور کاروباری مواقعوں کی سرزمین ہے جس سے ازبکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاکستان اور بلوچستان کی بزنس کمیونٹی ہمسایہ اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تجارتی تعلقات چاہتی ہے بلوچستان میں کانکنی، زراعت،صنعت و تجارت اور گلہ بانی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور بزنس کے مواقع موجود ہیں ہم ساؤتھ ایشیاء اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔
کوئٹہ سے مزید