• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اخباری صنعت کو متاثر کرنیوالی پالیسی قبول نہیں، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (این این آئی ) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ جاری رہا ۔ نیشنل پارٹی، بلوچستان بار کونسل ،مظلوم اولسی تحریک نے اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کی ۔نیشنل پارٹی کے وفد میں صوبائی صدر چیئرمین اسلم بلوچ ،سیکرٹری اطلاعات علی احمد لانگو، بی ایس او پجار کے چیئرمین اور دیگر پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی ۔ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین نے وفود کو حکومت کی جانب سے اشتہارات کوحکومت کی جانب سے BPPRA پر منتقل کرنے کی کوششوں اور دیگر مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر چیئرمین اسلم بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مقامی اخبارات و جرائد سے ہزاروں افراد وابستہ ہیں نیشنل پارٹی کسی بھی ایسی پالیسی کو تسلیم نہیں کرے گی جس سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچے ۔ دریں اثناء بلوچستان بار کونسل کے نائب صدر راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ ،عبدالحکیم زرین ایڈوکیٹ ،سینئر ایڈوکیٹ عبدالہادی خان ترین اور دیگر وکلاء نے اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کی ۔ بلوچستان بار کونسل کے نائب صدر راحب خان بلیدی کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی ہے کہ صحافتی اداروں کو پیکا ایکٹ کے بعد اب معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے ، بلوچستان بار کونسل صوبے کے اخبارات و جرائد کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور مطالبات کی مکمل تائید کرتی ہے ۔ دریں اثناء مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری اسلم اچکزئی نے اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اشتہارات کوBPPRA پر منتقل کرنے سے صوبے کی واحد صنعت بند اور ہزاروں افراد بیروزگاری کا شکار ہوجائیں گے ،ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے۔
کوئٹہ سے مزید