کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان پروموشن بورڈ کا اجلاس تعطل کا شکار ہونے سے مختلف محکموں کے سینکڑوں افسران کی گریڈ 18اور اوپر میں ترقیوں کا عمل رکا ہوا ہے، جس سے نہ صرف افسران کی پیشہ ورانہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ محکموں کی کارکردگی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔متاثرہ افسران کا کہنا ہے کہ وہ کئی سال سے ترقی کے منتظر ہیں اور اس تاخیر سے ان کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔ پروموشن بورڈ کا اجلاس بروقت نہ ہونے کے باعث ملازمین اپنی ترقیوں سالانہ انکریمنٹس اور دیگر مراعات سے محروم ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مئی کی تاریخ سے ہی پروموشن بورڈ کا اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ ان کی ترقیوں کا عمل مکمل ہو سکے اور وہ محروم شدہ تنخواہوں اور مراعات سے مستفید ہو سکیں۔