کوئٹہ (پ ر)پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئن کے مرکزی چیئرمین کامریڈ نذرمینگل ،کامریڈ غلام رسول ،کامریڈ عمران،کامریڈکامران خان ،کامریڈ نادر ،افضل خان اور یوسفی بلوچ نے ایک بیان میں بلوچستان گرینڈ الائنس کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاگیاکہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے جائز مطالبات پر جلد عملدرامد کیاجائے ،یہاں جاری ایک بیان میں کہاگیا کہ بلوچستان میں ملازمین ،محنت کش اور مزدور سراپا احتجاج ہیں ۔29مئی کو گرینڈ الائنس کی اپیل پر بلوچستان بھرمیں ریلیاں نکالی گئیں ،جلسے اور مظاہرے منعقدکیے گئے ،حکومت کو ان آواز وں کو سننی چاہئیے ۔سرکاری ملازمین حکومتی مشینری میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔حکومت اگر ملازمین کی آواز نہیں سنے گی تو اپاہج ہوجائے گی ۔درایں اثناء کامریڈ نذرمینگل کی قیادت میں پی ٹی یو ڈی سی کے ایک وفد نے اتوار کو گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی اور بلوچستان گرینڈ الائنس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے تمام مطالبات کی حمایت کااعلان کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کامریڈ نذرمینگل نے کہاکہ حکومت بلوچستان گرینڈ الائنس کے ساتھ مذاکرات کرے اور چارٹر آف ڈیمانڈپر عملدرآمد کیاجائے ۔انہوں نے اس موقع پر ملازمین تنظیموں ،ایسوسی ایشنز ،فیڈریشنز اور لیبر یونینز کے درمیان مشترکہ پلیٹ فارم سے اور متحد ہوکر جدوجہد کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے کہاکہ اگر ملازمین ، محنت کش اور مزدور متحد نہیں ہوئے پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا ۔