کوئٹہ(پ ر) افغان قومی موومنٹ کے صدر احمد خان نے بیان میں کہا ہے کہ افغان عوام کو درپیش چیلنجز کا واحد حل قومی یکجہتی اور سیاسی استحکام میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موومنٹ کی جدوجہد کا محور امن، تعلیم، ترقی اور پائیدار سیاسی ڈھانچے کی تشکیل ہے۔ احمد خان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور اس کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ افغان عوام کی خواہشات کا احترام کیا جائے اور انہیں فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے۔احمد خان نے کہا کہ افغان قومی موومنٹ نہ صرف مہاجرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے بلکہ ایک باوقار اور خودمختار افغانستان کے لیے جدوجہد بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم اور مثبت سیاسی شعور کو اپنی ترجیح بنائیں۔