• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آلودہ پانی سے کاشت سبزیاں‘50ایکڑ پر کاشت فصلیں تلف

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت اور آلودہ پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کے خلاف بلا تعطل کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے وقار خورشید عالم کے مطابق انسانی صحت کو لاحق شدید خطرات کے پیش نظر یہ اقدام فوری اور فیصلہ کن انداز میں اٹھایا گیا ہے۔حالیہ کارروائی کے دوران کوئٹہ کے علاقوں جنگل باغ اور سرور ٹاؤن میں واقع 50ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی فصلوں کو تلف کر دیا گیا ۔ ان فصلوں کو نکاسی آب (سیوریج) کے زہریلے پانی سے سیراب کیا گیا تھا جو کہ عوامی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ تلف کی گئی فصلوں میں چقندر ، مختلف اقسام کی گوبھی ، پودینہ اور سلاد کی فصلیں شامل تھیں۔ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق گندے نالوں کے پانی سے سیراب کھیتوں میں تیار ہونے والی سبزیاں انسانی صحت کے لئے خاموش زہر کی مانند ہیں۔ ان سبزیوں کا استعمال آنتوں، جگر اور دیگر اعضاء کے لئے مہلک اثرات کا باعث بن سکتا ہے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ماضی میں بھی متعدد بار زمینداروں کو تنبیہ کی کہ سیوریج کے پانی سے فصلیں کاشت نہ کی جائیں، تاہم کچھ عناصر کی جانب سے ہدایات کی مسلسل خلاف ورزی پر اب سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ زہریلے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر مکمل حکومتی پابندی عائد ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت کی کوئی گنجائش نہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت سبزیوں کے خلاف مہم کا دائرہ دیگر علاقوں تک بھی بڑھایا جا رہا ہے۔
کوئٹہ سے مزید