کوئٹہ(پ ر) زمیندار ایکشن کمیٹی نے احتجاجاً عید الاضحی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کردیااگر عید تک بقایا زمینداروں کو رقوم کی ادائیگی نہیں کی گئی تو عید کے بعد سخت احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔ مرکزی ترجمان کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے زمینداروں نے کیسکو کے حیلے بہانوں سے تنگ آکر بلوچستان اسمبلی کے سامنے 2024 میں دھرنا دیا تھا جس کی روشنی میں حکومت نے مرکزی حکومت کے ساتھ ملکر سولر منصوبہ کا اعلان کیا اس وقت صوبائی حکومت نے ایک ماہ میں یہ منصوبہ مکمل کرنے کا اعلان کیا لیکن اس منصوبے کو آج ایک سال سے زائد عرصہ گزر گیا اب بھی آدھے سے زیادہ زمیندار سولر کی رقم کے منتظر ہیں جبکہ کیسکو نے سولر منصوبہ کا سن کر پہلے ہی صوبے کے زمینداروں پر بجلی منقطع کردی حالانکہ فیصلہ یہ ہوا تھا کہ جب تک سولر منصوبہ مکمل نہیں ہوگا اس وقت مکمل وولٹیج کے ساتھ زمینداروں کو بجلی کی فراہمی ہوگی ۔ایک سال قسطوں سے زمینداروں کو رقم تو دیدی گئی لیکن جو زمیندار رہ گئے ان کیلئے نئے حیلے بہانے تلاش کئے جا رہے ہیں اور اس مرحلے کو مشکل بنایا جا رہا ہے، بلوچستان کے زمینداروں کو 20 لاکھ روپے دیکر ان کے کروڑوں کے نقصانات کروائے گئے جو زمیندار ایکشن کمیٹی کو کسی صورت قبول نہیں، بلوچستان کے زمینداروں نے 3 ماہ تک صبر سے کام لیا ،عید کے بعد مزید صبر نہیں کیا جاسکتا۔ عید کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔