پشاور( جنگ نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ائیر مارشل (ر) فاروق حبیب نے ترکی کے سفیر کے حالیہ آغوش کالج کے دورے کو اعزاز قرار دیا۔ ائیر مارشل (ر) فاروق حبیب، ائیر مارشل (ر) خداداد خان ، پرنسپل آغوش، آغوشینز اور سٹاف نے جمہور یہ ترکیہ کے سفیر نیذیر اوغلو کو خوش آمدید کہا۔ ترکیہ کے سفیر کے ہمراہ ان کے صاحبزادے محمد کاگان نیذیراوغلو اور جنرل سیکرٹری دار الیتیم فاؤنڈیشن بھی موجود تھے۔اس موقع پر آغوش کالج میں شاندار تقریب کا اِہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز آغوش کے طلباء و عملے کی جانب سے پرتپاک خیرمقدم سے ہوا، جس کے بعدمہمان کو تعلیمی بلاک اور کیمپس کی سہولیات کا تفصیلی دورہ کروایا گیا۔ تقریب میں چیئرمین الخدمت آرفن کئیر پروگرام ،چیئرمین اکیڈمک کمیٹی، صدر اور نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن موجود تھے۔۔معزز مہمانوں نے کالج کے مختلف اہم شعبہ جات کا دورہ کیا اور طلباء سے تبادلہ خیال کیا۔