پشاور (جنگ نیوز) خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس(ریسکیو1122) کی جانب سے عوام الناس کو بروقت اور بہترین انداز میں سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 شاہ فہد کی زیر صدارت ریسکیو ہیڈ کوارٹر میں ادارے کی ماہانہ کارکردگی اجلاس منعقد ہوا جس میں ریسکیو1122 کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا گیا، شاہ فہد نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ ماہ مئی 2025 میں صوبے کے 34 اضلاع میں ریسکیو1122 نے خدمات فراہم کیں جن میں حالیہ ضم شدہ اضلاع بھی شامل ہے، ریسکیو1122 نے صوبے بھر میں 17647 ایمرجنسیز کے دوران اوسطً 6منٹ اور 45سکینڈز میں خدمات فراہم کیں، اس دوران ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے 13866 میڈیکل، 1993 ٹریفک حادثات، 671آگ، 73 ڈوبنے، 37عمارت منہدم ہونے، 396جرائم اور 611 دیگر نوعیت کی ایمرجنسی واقعات میں سہولیات فراہم کیں۔شاہ فہد نے کہا کہ ان ایمرجنسی واقعات کے دوران ریسکیو1122کے اہلکاروں نے 17275افراد کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا جن میں سے 511جانبحق ہوئے۔ ریسکیو1122 کے جوان خیبر پختونخوا میں کسی بھی قدرتی یا ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار رہتے ہیں۔