پشاور(جنگ نیوز)لالی ووڈ کی مقبول جوڑی ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی نئی فلم ’’لو گرو‘‘ عمدہ تشہیر کے باوجود پشاورمیں ریلیز نہیں ہوگی، پشاور میں اردو فلموں کیلئے اب کوئی سینما گھر نہیں رہا، صرف پشتو فلمیں ہی دکھائی جاتی ہیں۔ گزشتہ دنوں پشاور میں اس فلم میں شامل پشتو گانا’’سادہ آشنا‘‘ کی میوزیکل کنسرٹ میں رونمائی کی گئی جس میں ماہرہ خان تو شریک نہیں ہوئی البتہ ہمایوں سعید نے پرجوش انداز میں حاضرین کے گلے کو ختم کردیا ۔اس شو میں معروف رباب نواز شاہد ملنگ‘ گلوکاروں زبیر نواز اور جنید کامران صدیقی نے فن کا مظاہرہ کیا۔ ہمایوں سعید نے کہا کہ میں نے ’’سادہ آشنا‘‘ کی عکس بندی کے دوران جنید سے وعدہ کیا تھا کہ یہ گانا پشاور میں خود ریلیز کروں گا ۔ فلم کے کوریوگرافر نگاہ حسین نے گانے کی تیاری اورمنفرد پشتو ،اردو امتزاج کے بارے میں اظہار خیال کیا ۔ماہرہ خان کی عدم شرکت پر ہمایوں سعید نے کہا کہ وہ پشاور آنے کیلئے کافی پرجوش تھیں لیکن ان کی طبیعت خراب ہوگئی جس کی وجہ سے وہ نہ آسکیں۔ دوسری جانب شو کے میزبان عثمان خواجہ سے جب ایک نوجوان نے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ماہرہ فلائٹ مس ہونے کی وجہ سے نہیں آسکیں جبکہ متعدد لوگوں نے ماہرہ خان کی عدم شرکت کو مشرقی لندن میں فلم کی تشہیر کے دوران ان کے ساتھ ہونے والے ہراسگی کے واقعے کے خوف کی وجہ قرار دیا۔