پشاور ( وقائع نگار ) عیدالاضحیٰ پر پشاور میں دفعہ144 نافذ کر کے شہر میں کھلونا نما اسلحہ و بندوق سمیت ہارن فروخت کرنا اور جانوروں کی الائشیں نالیوں مِیں پھینکنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر ضلع پشاور نے عیدالاضحیٰ پر پشاور میں دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت مختلف سرگرمیوں پر پابندی کا حکم جاری کر دیا، جس کے تحت کھلونا نما اسلحہ و بندوق ، ہارن فروخت کرنا اور ہوائی فائرنگ سمیت ون ویلنگ اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو نالیوں میں پھینکنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ایک اور اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کی طرف سے دفعہ 144 کے تحت پشاور کے تمام دریاؤں، ڈیموں اور نہروں میں کشتی رانی اور تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی حفاظتی خدشات اور جانی نقصان کے امکانات کے پیش نظر لگائی گئی ہےخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188کے تحت کارروائی کی جائے گی۔