پشاور (خصوصی نامہ انگار) خیبر یونین آف جرنلسٹس اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے اشتراک سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس پشاور کے تعاون سے منعقدہ میڈیا سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا، آخری روز بیڈمنٹن کے ایونٹ میں یاسر علی اور شہزاد رشید نےعرفان موسیٰ زئی اور علی شیخ کی جوڑی کو دو ایک شکست دے کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کرلیا۔فٹ بال میں ایس ڈبلیو اے وائٹ نے کے ایچ یو جے گرین کو ہراکر ٹرافی اپنے نام کی۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمرزمان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ سابق انٹرنیشنل ہاکی امپائر عبدالرؤف ،خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید،سیکرٹری کے ایچ یو جے ارشاد علی اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے صدر و کے ایچ یو جے سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین عاصم شیراز بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق عالمی چیمپئن قمرزمان نے کہا کہ مضبوط اعصاب اور صحت مند جسم کے لئے کھیل کود بہت ضروری ہوتا ہے انہوں نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت گیم کا حصہ ہے جو ہار گئے وہ دل پر نہ لے بلکہ آج سے ورزش اور اسطرح کی سرگرمیوں میں شرکت کیا کریں تاکہ ان کی صحت بھی اچھی ہو اور مقابلوں میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید نے کہا کہ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صحافیوں کو تفریح کا موقع فراہم کرنا تھا۔