پشاور (وقائع نگار )پیراپلیجک سنٹر پشاور کے زیرِ اہتمام "ورلڈ کلب فٹ ڈے" کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی جس میں زیرِ علاج بچوں، ان کے والدین، معالجین اور معاون طبی عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر سنٹر کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے بحیثیت مہمانِ خصوصی بچوں میں تحائف اور ٹافیاں تقسیم کیں اور ایک شفایاب بچی کے ساتھ خصوصی کیک کاٹا۔ یہ کیک ان 5071 بچوں کی شفاء کا جشن تھا جنہیں پیراپلیجک سنٹر پشاور نے پیدائشی ٹیڑھے پاؤں (کلب فٹ) جیسے معذور کن عارضے سے نجات دلائی۔ ڈاکٹر سید محمد الیاس نے کہا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور محض ایک طبی ادارہ نہیں بلکہ انسانی خدمت کا وہ عظیم مشن ہے جو اُمید کی روشن علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنے مسائل کو سمجھ کر ان کے دیرپا حل خود تلاش کرتی ہیں اور پیراپلیجک سنٹر اس سوچ کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور نے 2018ء میں آئی سی آر سی کے تعاون سے کلب فٹ پروگرام کا آغاز کیا تھا۔