• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 سال میں پہلی بار مودی کو جی 7 سربراہ اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا


چھ سال میں پہلی بار بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی ممکنہ طور پر جی 7 سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ مودی کو ابھی تک کینیڈا کی جانب سے اجلاس میں شرکت کا باضابطہ طور پر دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ اگر دعوت دی گئی تب بھی مودی غالباً مذکورہ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے، خاص طور پر جب بھارت کو یقین نہیں کہ کینیڈا کی نئی حکومت، خالصتان تحریک کی سرگرمیوں پر بھارتی خدشات کو سنجیدگی سے لے گی یا نہیں۔ 

بھارتی میڈیا کا خیال ہے کہ دورے کی تیاری کےلیے کم وقت بچا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سِکھ علیحدگی پسندوں کے ممکنہ احتجاج اور کینیڈا کے ساتھ کشیدہ تعلقات کی وجہ سے بھارتی حکومت آخری لمحے کے دعوت نامے کو شاید قبول نہ کرے۔  

دوسری جانب کینیڈین جی7 اجلاس کے ترجمان نے اِس بات کی تاحال تصدیق نہیں کی کہ آیا مودی کو دعوت دی جائے گی یا نہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے وسط میں کینیڈا جی سیون کے رہنماؤں کی میزبانی کر رہا ہے۔

اجلاس میں فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، جاپان، امریکا اور یورپی کمیشن کے صدور شامل ہوں گے۔

اس سے قبل کینیڈین سکھ برادری کا بڑا مطالبہ سامنے آیا تھا کینیڈین حکومت جی 7 سربراہی اجلاس میں نریندر مودی کو مدعو نہ کرے۔

ٹورنٹو کی سکھ فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ جب تک بھارت کینیڈا میں سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کی مجرمانہ تحقیقات میں تعاون نہیں کرتا مودی کو جی سیون اجلاس میں مدعو نہ کیا جائے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید