نامور گلوکار و اداکار فرحان سعید نے حال ہی میں انٹرویو دیتے ہوئے باپ بننے کی خوشی اور اپنی بیٹی سے محبت کے جذبات کا خوبصورت اظہار کیا۔
یہ گفتگو انہوں نے اپنی آنے والی فلم شمشیر کے ٹریلر لانچ کے موقع پر کی، جو جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی جائے گی۔
فرحان سعید نے کہا کہ باپ بننے کا احساس بہت خوبصورت ہے، آج کل میں اپنی بیٹی کو بہت یاد کر رہا ہوں، ہم اسے پیار سے آرا کہتے ہیں، اس نے حال ہی میں مجھے بابا کہنا شروع کیا ہے، جو میرے لیے بہت خاص لمحہ تھا، وہ اتنی پیاری ہے کہ اس پر سختی کرنا ممکن ہی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں سخت والدین نہیں ہیں، میں آرا کو بہت لاڈ کرتا ہوں اور عروہ تو سب کچھ سنبھالتی ہے، میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے عروہ جیسی بیوی اور اتنی شفیق ماں ملی۔
فرحان نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی بیٹی کے لیے ایک گانا بنانے کا سوچ رہے ہیں، مجھے حال ہی میں معلوم ہوا کہ آرا گھر پر میری گٹار بجا رہی تھی اور مجھے یاد کر رہی تھی، یہ جان کر دل بہت خوش ہوا، میں اس کے لیے گانا ضرور بناؤں گا۔
فرحان سعید نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ میں نے آرا کے ڈائپر بھی بدلے ہیں، بلکہ میں اس معاملے میں ماہر ہو چکا ہوں، عروہ سکون سے کام پر جا سکتی ہے، کیونکہ میں گھر کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہوں۔