کوئٹہ(پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و رکن اسمبلی حاجی علی مدد جتک، صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی سے یہاں صوبائی اسمبلی میں چیف ایگزیکٹو افسرکیسکو سید یوسف شاہ نے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ رکن اسمبلی علی مدد جتک نے اسمبلی کے رواں سیشن کے دوران سریاب کے علاقے میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے اسپیکر کی توجہ مبذول کرائی تھی جس پر اسپیکر نے چیف ایگزیکٹو افسر کیسکو کو طلب کیا تھا۔ علی مدد جتک نے چیف ایگزیکٹو افسر کیسکو کو سریاب میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے کہا کہ سریاب کے علاقے میں اس گرمی کے موسم میں بے تحاشا بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج میں کمی کی وجہ سے لوگوں کو سنگین مسائل کا سامنا ہے، جس سے نہ صرف ان کی قیمتی اشیاء کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ اس گرمی میں انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے سی ای او کیسکو سے اپیل کی کہ سریاب کے علاقے میں بجلی کی فراہمی جو کہ شاہنواز فیڈر سے جاری ہے یہاں سے منتقل کرکے ہزار گنجی فیڈر پر منتقل کی جائے، اس عمل سے بھی علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی ہوگی۔ چیف ایگزیکٹو افسر کیسکو نے یقین دہانی کرائی کہ وہ مسئلے کو حل کرنے میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔