اسلام آباد (ساجد چوہدری )سینٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد،مصنوعی ذہانت اور کرپٹو پالیسی پر اہم سوالات اٹھا دیے، کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایل ڈی آئی کمپنیوں سے رقوم کی وصولی سے متعلق فیصلہ آئندہ چند ہفتوں تک ہو جائے گا،کیسز کی سماعتیں مکمل ہو چکی ہیں ،ارکان کمیٹی نے کرپٹو کونسل سے متعلق قانونی پیچید گیو ں پر سوالات اٹھا دیئے،قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں وزارت قانون اور وزارت خزانہ حکام کو طلب کرلیا کہ دونوں وزارتوں کے حکام پاکستان کرپٹو کونسل پر بریفنگ دیں،پیر کو قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کا اجلاس چیئرپرسن کمیٹی سنیٹر پلوشہ خان کی زیرصدارت پارلیمنٹ لاجز کے کمیٹی روم میں ہوا ، سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے نے ایل ڈی آئی لائسنس کی تجدید سے متعلق قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی ، اس موقع پر چیئرپرسن کمیٹی نے وفاقی وزیر آئی ٹی کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اجلاس میں ہونا چاہئے تھا۔