• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیفنس‘ رئیس زادے کی جانب سے شہری پر تشدد کا ایک اور واقعہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں سیکورٹی گارڈکے ساتھ گھومتے رئیس زادے کی جانب سے معصوم شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا،واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے مرکزی ملزم سمیت 3 افراد کو گرفتار کرکے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا،تفصیلات کے مطابق گزری تھانہ کی حدود ڈیفنس فیز 6 خیابان اتحاد میں موٹر سائیکل اور گاڑی کی ٹکر کے بعد کار سوارنے اپنے ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ کی مدد سے موٹر سائیکل سوار معصوم شہری کو اس کی بہنوں کے سامنے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار شہری کی بہنیں کار والے شہری سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتی رہیں لیکن درندہ صفت کار سوار نے ان بہنوں کی فریاد بھی نہیں سنی اور مسلسل موٹر سائیکل سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا،واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ضلع غربی سے واقعے کی تفصیلات طلب کیں،پولیس نے واقعے کےعینی شاہدمحمد سلیم کی مدعیت میں مقدمہ د رج کرنے کے بعد موٹر سائیکل سوار نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث مرکزی ملزسلمان فاروقی کو اسکے ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ سمیت گرفتار کرلیا ،ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہاہےکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سلمان فاروقی کو ڈی ایچ اے سے گرفتار کرلیا۔واقعے کی ایف آئی آر گزری تھانے میں درج کی جا چکی ہے، اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔ تشدد میں ملوث تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے دائرے میں لایا جائے گا، اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے،قانون سب کے لیے برابر ہے کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں۔تفتیشی حکام نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مار کراس کار کو بھی قبضے میں لے لیا ہے جس کی موٹر سائیکل کے ساتھ ٹکر ہونے پر ملزم نے موٹر سائیکل سوار شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
اہم خبریں سے مزید