اسلام آباد(فاروق اقدس)پہلگام میں ہونیوالی دہشتگردی کے بعد جہاں بھارت کو اپنی حکومتی ساکھ عسکری طاقت کے بھرم اور طیاروں کی تباہی سمیت مختلف شعبوں میں زبردست مالی نقصان ہوا ہے تو دوسری طرف جموں و کشمیر کے مقبول ترین اور خوبصورت سیاحتی مرکز کی ویرانی بھی ختم ہونے کو نہیں آ رہی اور آج بھی وہاں کی فضا میں ایک انجانا خوف اور بے یقینی کی کیفیت کا راج ہے ، پہلگام حملے سے پہلے سرینگر ایئرپورٹ سے 50سے زیادہ پروازیں یومیہ اڑان بھرتی یا لینڈ کرتی تھیں جو اب سمٹ کر 22تک رہ گئی ہے فضائی محکمے کی جاری رپورٹ کے مطابق فضائی آمدورفت میں 60 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی ہےجبکہ مسافروں کی تعداد 19140سے گھٹ کر 6500رہ گئی ہے ایئرلائنز کو ٹکٹوں کی منسوخی کے باعث زبردست خسارے کا سامنا ہے۔