پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان اور ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر کے رشتے پر جمی برف پگھل گئی۔
سُپر اسٹار ماہرہ خان کی جانب سے اپنی غلطی کے اعتراف کے بعد خلیل الرحمٰن قمر نے بھی تمام گلے شکوے بھلا دیے۔
حال ہی میں خلیل الرحمٰن قمر نجی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان دکھائی دیے، جہاں انہوں نے ماضی میں ساتھی فنکار اداکارہ ماہرہ خان کے ہمراہ ہونے والے تنازعے پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے ماہرہ خان کو پیغام بھی بھیجا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں اپنی غلطی کا اعتراف کیا کہ اسے ٹویٹ کرنے کی بجائے مجھ سے براہ راست رابطہ کرنا چاہیے تھا۔
ڈرامہ نگار نے کہا کہ میں ماہرہ خان کا بہت احترام کرتا ہوں اور وہ بھی میرا بہت احترام کرتی ہیں، ہمارا رشتہ ایسا تھا کہ وہ مجھ سے براہِ راست فون کر کے کہہ سکتی تھی اگر کچھ برا لگا تو، ’ماہرہ از مائی آل ٹائم فیورٹ‘ (ماہرہ ہمیشہ سے میری پسندیدہ رہی ہیں) اور اب بھی ہے، میں نے بھی جب کبھی ماہرہ خان پر تنقید کی، مجھے بھی تکلیف ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ تاہم ماہرہ نے تسلیم کرلیا کہ ان سے غلطی ہوئی، وہ میری بات سے متفق ہیں میرے لیے یہ بہت ہے میں نے انہیں جواب میں پیغام بھیجا ہے کہ آج میری تمام شکایتیں ختم ہوگئیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ماہرہ خان نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کی اور کہا کہ مجھ سے غلطی ہوئی میں خلیل الرحمٰن کو کال کرکے پوچھ سکتی تھی لیکن میں نے ایسا نہیں کیا۔