• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم اینڈ ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ 2025 کا نیا نصاب جاری کر دیا

کراچی(سید محمد عسکری) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2025 کا نیا نصاب اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دیا ہے۔ یہ نیا نصاب آئندہ ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے بنیادی فریم ورک کے طور پر کام کرے گا۔ ایم ڈی کیٹ 2025 کا امتحان ستمبر کے آخری اتوار یا اکتوبر کے پہلے اتوار کو منعقد ہو گا، تاہم حتمی تاریخ چند روز میں داخلہ دینے والی جامعات سے مشاورت اور کونسل کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔ نئے نصاب میں پانچ اہم مضامین شامل ہیں: حیاتیات (Biology)، کیمیا (Chemistry)، طبیعیات (Physics)، انگریزی (English)، اور منطقی استدلال (Logical Reasoning)، جن میں تصوری فہم اور تنقیدی سوچ پر زور دیا گیا ہے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تیاری نئے جاری کردہ نصاب کے مطابق شروع کریں۔ ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کی ساخت، وزن، اور مشکل کی سطحوں کی بھی وضاحت کر دی گئی ہے۔ امتحان میں کل 180 ملٹی پل چوائس سوالات (MCQs) ہوں گے، جنہیں تین گھنٹے میں مکمل کرنا ہوگا۔ سوالات کی تقسیم یوں ہوگی: 15 فیصد آسان، 70 فیصد درمیانی سطح، اور 15 فیصد مشکل سوالات پر مبنی ہو گی۔ امتحان کا مکمل فارمیٹ ایم سی کیو پر مشتمل ہوگا اور اس میں منفی مارکنگ نہیں ہوگی۔ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے کم از کم 55 فیصد نمبر، اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوں گے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ 2025 کا نیا نصاب شفافیت، مساوات اور معیار کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اہم خبریں سے مزید