اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں ڈکیتی ،سرقہ بالجبر ، نقب زنی اور چوری کی 100 سے زائد وارداتوں میں زیورات ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ 14 موٹر سائیکل ، 27موبائل فون ، 7 لاکھ روپے مالیت کا ٹرانسفارمر اڑا لیا گیا۔ ایک موٹر سائیکل، 16 موبائل فون اور لاکھوں کی نقدی اسلحہ کی نوک پر جبکہ8موبائل فونز جھپٹا مار کر چھینے گئے۔ جڑواں شہروں میں38گھروں کے تالے ٹوٹ گئے اور چور 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے سونے کے زیورات اور نقدی لے کر چلتے بنے۔تھانہ واہ کینٹ کے علاقہ آفیسر کالونی کے رہائشی عمران بیگ کے مطابق وہ سیر کے لیے سوات گئے ہوئے تھے واپس آئے تو گھر کا سامان بکھرا پڑا تھا اور30 تولہ سونا، نقدی 25 ہزار روپے چوری ہو چکی تھی۔