لاہور(خصوصی نمائندہ، اپنے نامہ نگارسے، جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 30واں اجلاس ہوا-اجلاس کے دوران محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بریفنگ دی-اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی - کابینہ کمیٹی نے اسرائیل کی جانب سے ایران میں جارحیت کی پرزور الفاظ میں مذمت کی - خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے-پولیس کیساتھ آرمی اور رینجرز کے جوان بھی فرائض سر انجام دیں گے- خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ پنجاب بھر میں 9 اور 10 محرم کو دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی ہو گی - سوشل میڈیا پر امن و امان کی فضاء کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا-