لاہور(کرائم رپورٹرسے) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں قومی و بین الاقوامی مقابلوں کے لئے سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ور سنائپرز ٹیمیں تشکیل دینے بارے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ ڈاکٹر محمد وقار عباسی، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان بھی شریک تھے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ مقابلوں کے لئے بہترین پولیس کمانڈوز، سنائپرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں اور جدید اسلحہ و سکلز ٹریننگ یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس سپیشل فورسز کا معیار اور پیشہ ورانہ مہارت دنیا کی دیگر جدید سول آرمڈ فورس کے ہم پلہ ہے۔ مزید برآں آئی جی نے کہا کہ منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز تیزی سے جاری رکھیں۔ ترجمان کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 231 چھاپے مارے گئے اور 136 منشیات فروش گرفتار کیے گئے۔