پشاور(جنگ نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما ابراہیم خان نے بجٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ“چالیس چوروں ”کی طرف سے تیار کیا گیا یہ بجٹ عوامی مسائل کا حل نہیں، بلکہ ایک سیاسی ڈرامہ ہے، جو زمینی حقائق سے کوسوں دور ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی دعوے محض ہوائی باتیں ہیں یہ بجٹ ایک سیاسی تماشا ہے۔ یہ لوگ 500 ارب روپے کی بات کرتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کی مالی صلاحیت 150 ارب روپے سے زیادہ نہیں۔ اس قدر کمزور مالیاتی بنیاد پر ترقیاتی منصوبے چلانا دیوانے کا خواب ہے ابراہیم خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ناتجربہ کاری اور سیاسی شعبدہ بازیوں کی وجہ سے ہمارا معاشی مقدمہ دفن ہو چکا ہے۔ صوبے کو عملی اقدامات کی ضرورت ہے، نہ کہ طاقت کے دعوے موجودہ حکومت نے بجٹ میں شفافیت، فلاحی ترجیحات اور زمینی حقائق کو نظرانداز کیا ہے۔