کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ سٹی الائنس ، یوسی اتحاد ، اتحاد نوجوانان کوئٹہ ، کوئٹہ ویلفیئر سوسائٹی ، بولان فارمیسی ، فارما ایسوسی ایشن ، کوئٹہ فاؤنڈیشن ، مرکزی مسلم لیگ ، انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے اشتراک سے دو روزہ گرینڈ میگا بلڈ ڈونیشن کیمپ کا آغاز پیر کو کیا گیا ، پہلے روز سول اسپتال ، بی ایم سی اسپتال اور آر بی سی سینٹر میں قائم بلڈ ڈونیشن کیمپس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں خون کے عطیات جمع کرائے ۔ منیجر آر بی سی ڈاکٹر شفیع محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ بلڈ ڈونیشن ڈے کی مناسبت سے ہر سال کی طرح اس سال بھی خون کے عطیات جمع کرنے کیلئے کیمپس قائم کئے گئے ہیں تاکہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرکے تھیلیسمیا ، بلڈکینسر ، ڈائیلائسز کے مریضوں فراہم کیے جاسکیں ۔ سینئر صحافی و سماجی رہنماء رضاالرحمٰن نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں تھیلیسیمیا ، ہیموفیلیا ، کینسر سمیت دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو خون کی اشد ضرورت ہے ، ایسے میں کوئٹہ کی فلاحی تنظیموں اور نوجوانوں نے دو روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپس قائم کئے تاکہ مریضوں تک بروقت انتقال خون کو ممکن بنایا جاسکے ، انہوں نے کوئٹہ کے شہریوں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔