اسلام آباد(رپورٹ:رانا مسعود حسین ) عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلیز کی تعداد کی بنیاد پر خواتین اور اقلیتوں کے لئے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران خیبرپختونخوا ء حکومت اور اسپیکر کے پی اسمبلی کی جانب سے مقدمہ میں فریق بننے کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی ہے ،سینئر جج ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم گیارہ رکنی آئینی بینچ نے سوموار کے روز نظرثانی کی درخواستوں کی سماعت کی ،جسٹس مندوخیل نے کہا پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لے، کوئی سیٹ نہ جیتے وہ مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں ،جسٹس امین الدین نے کہا کہ مقدمہ کے فیصلے میں سنی اتحاد کونسل کی جگہ پر پی ٹی آئی کو ریلیف دے دیا گیا تھا، سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے کہا میں اس فیصلے سے متفق ہوں، جسٹس جمال مندوخیل نے سوال اٹھایا کہ کیا مخصوص نشستیں خالی چھوڑی جا سکتی تھیں؟ آپ اس نقطہ پر بھی ہماری معاونت کریں۔