کراچی(نیوز ڈیسک)غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بمباری، امداد کے متلاشی ہجوم پر فائرنگ اور دیگر حملوں میں کم از کم 144فلسطینی شہیداور 560زخمی ہوچکے ہیں ۔ مغازی پناہ گزین کیمپ، زیتون محلے غزہ سٹی اور خان یونس پر فضائی حملوں میں متعدد فلسطینی شہید ہوگئے ،امداد کےمنتظر ہجوم پر فائرنگ سے مزید 14 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ غزہ میں دن رات لوگوں کو ذبح کیا جا رہا ہے،جو اسرائیلی بموں سے نہیں مرتا وہ بھوک سے مرجاتا ہے،خوراک حاصل کرنے کے لئے ہر روز اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں اور مارے جاتے ہیں ، ان کا خون ان آٹے کی بوریں میں بھی شامل ہوجاتا ہے جو وہ جانیں دے کر حاصل کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ رو ز کم از کم 40 افراد اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں کے نتیجے میں شہیدہوئے ۔طبی ماہرین نے بتایا کہ وسطی اور شمالی غزہ میں مغازی پناہ گزین کیمپ، زیتون محلے اور غزہ سٹی کے گھروں پر الگ الگ فضائی حملوں میں کم از کم 21 فلسطینی شہید ہوئے، جب کہ جنوبی غزہ میں خان یونس میں ایک کیمپ پر کیے گئے فضائی حملے میں پانچ فلسطینی شہید ہوئے۔طبی ماہرین نے بتایا کہ وسطی غزہ میں صلاح الدین روڈ پر اقوام متحدہ کی جانب سے امدادی ٹرکوں کے انتظار میں بے گھر فلسطینیوں کے ہجوم پر اسرائیلی فائرنگ سے مزید 14 افراد شہید ہو گئے۔