لاہور(نمائندہ خصوصی) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے وفد نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔ وفد میں علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، علامہ عارف حسین واحدی، مفتی گلزار نعیمی، علامہ عارف حسین شیرازی، نصر اللہ رندھاوا اور سیکرٹری مالیات طاہر رشید تنولی شامل تھے۔ وفد نے اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے ناپاک حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی ملک ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو عالمی قوانین کے خلاف ورزی قرار دیا اور سفیر ایران کو پاکستان کی امت مسلمہ کی جانب سے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اس موقعپر رضا امیری مقدم نے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی جانب سے ایران اسرائیل جنگ میں ایران کی حمایت پر ملی یکجہتی کونسل اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی عوام کی حمایت کو عالم اسلام کے درد مشترک کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اسی مثالی اتحاد کے ذریعے دنیا و آخرت میں سرخروئی حاصل کر سکتی ہے آخر میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے تحفظ، تعمیر و ترقی اور کامیاب و کامرانی کے لیے بھی دعا کی ۔