اسلام آ باد( نیوزرپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس سال پناہ گزینوں کا عالمی دن دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے چیلنجز کے پس منظر میں منایا جا رہا ہے جو لاکھوں افراد کو جبری بے گھر ہونے پر مجبور کر رہے ہیں، پناہ گزینوں کی ان کے پیارے وطن میں واپسی بہترین اور پائیدار حل ہے جسے حاصل کرنے کیلئے ہمیں اجتماعی کوشش کرنی ہوگی، جبری طور پر بے گھر ہونے اور پناہ گزینوں کے حالات کا بنیادی محرک ہونے کے ناطے عالمی تنازعات کو، اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج بین الاقوامی قوانین کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے روکنا اور حل کرنا چاہیے، صرف پرامن ذرائع اور بنیادی وجوہات کو حل کرنے سے ہی ہم پناہ گزینوں کی طویل پناہ گزینی کے رجحان کو تبدیل کرنے کی امید کر سکتے ہیں، چار دہائیوں سے زائد عرصے سے، پاکستان نے قلیل بین الاقوامی حمایت کے باوجود، افغانستان میں عدم استحکام کے مختلف مراحل کے دوران، تنازعات سے بچنے کیلئے پاکستان میں آئے، لاکھوں افغان بھائیوں کی میزبانی کی ہے، اپنے گھر اور دل کھول کر پاکستانی عوام نے اپنے افغان بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ مثالی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا۔