• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت کا چیئرمین ایچ ای سی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ، سرچ کمیٹی قائم

کراچی(سید محمد عسکری) وفاقی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نئے چیئرمین کی تقرری میرٹ پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور طے کیا ہے کہ موجودہ چیئرپرسن کی مدت میں مزید توسیع نہ دی جائے جس کے بعد سرچ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ موجودہ چیئرپرسن کو دی گئی ایک سالہ توسیع پہلے ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کی جا چکی ہے جبکہ ایچ ای سی ایکٹ کے مطابق چیئرمین کی مدت میں ایک بار توسیع دی جا سکتی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آٹھ رکنی تلاش کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کریں گے۔ کمیٹی چیئرمین ایچ ای سی کے لیے موزوں امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے اور سفارشات پیش کرنے کی ذمہ دار ہوگی تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مؤثر قیادت اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کمیٹی کے چیرمین ہوں گے جبکہ ارکان میں وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر، عارف سعید، سلمان اختر، سیکرٹری ایپکس کمیٹی جہانزیب خان، پرووسٹ، آغا خان یونیورسٹی ڈاکٹر انجم ہلائی، پرووسٹ، آغا خان یونیورسٹی ڈاکٹر محمد نسیم قیصرانی، سیکرٹر ی وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب کمیٹی کے رکن/سیکرٹری ہوں گے۔
اہم خبریں سے مزید