کراچی (افضل ندیم ڈوگر) ملک کے شمالی علاقہ جات میں ٹورازم کو غیر معمولی فروغ حاصل ہو رہا ہے اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ چند برس قبل تک ملک کا اسکردو ایئرپورٹ غیر فعال تھا اور اب اسکردو کو ناصرف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ مل چکا ہے بلکہ بدھ کو اسکردو سے 1 دن میں زیادہ سب سے زیادہ 14 پروازیں آپریٹ کرنے کا اہم سنگ میل بھی عبور کرلیا گیا ہے۔ ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بدھ کو اسکردو ایئرپورٹ کیلئے کراچی، لاہور، اسلام اباد سے 16 پروازیں شیڈول پر تھیں جن میں سے 14 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ ان میں 8 پروازیں اسلام آباد اسکردو کے مابین تھیں۔ 6 پروازیں پی آئی اے اور دو نجی ایئر نے چلائیں۔ کراچی سکردو کے 4 اور لاہور اسکردو کی 2 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ اسکردو ایئرپورٹ کیلئے یہ ایک ریکارڈ ہے۔ ترجمان پی اے اے کے مطابق ملک کے بڑے شہروں سے اسکردو کیلئے بھرپور فضائی سرگرمی رپورٹ ہوئی ہے۔ اسکردو کیلئے بڑھتی پروازیں ملک میں سیاحت اور معیشت کیلئے نئے دور کے اغاز کی عکاسی کرتی ہیں۔