• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کام میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کو جوابدہ ہونا پڑے گا، میئر کراچی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ناتھاخان پل سے پہلوان گوٹھ تک سڑک کی تعمیرپر کے ایم سی اورپاکستان ریلوے کے درمیان تنازع، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ناتھا خان چکور نالہ روڈ پر ترقیاتی کام بلا تعطل جاری رہے گا جو عناصر شہریوں کی خدمت کرنے والے اداروں کے کام میں رکاوٹیں پیدا کریں گے انہیں قانون کے مطابق جواب دہ ہونا پڑے گا، سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران افسران اور ملازمین کو ہراساں کرنا یا سرکاری امور میں مداخلت کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔کراچی کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کی خدمت کا سفر ہر صورت بلا تعطل جاری رہے گا ۔پیر کو سڑک کے دورے کے دوران گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے پر میئر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایک افسر کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک ہے، جس پر قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے اور ایف آئی آر بھی درج کرائی جا چکی ہے۔ جو عناصر شہریوں کی خدمت کرنے والے اداروں کے کام میں رکاوٹیں پیدا کریں گے، انہیں قانون کے مطابق جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قانونی کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید