کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 8ماہ کے دوران سندھ میں سڑکوں کی تعمیر شروع ہوگی، پی ٹی آئی دہشت گردوں کی مدد کرتی رہی ہے، عوام اپنے تحفظ کے لئے کہاں جائیں؟ وہ پیر کو یہاں گرین لائن، بی آر ٹی کے آپریشنز کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کررہے تھے، جہاں انہیں بی آر ٹی نظام کے مختلف پہلوؤں، دیگر ٹرانسپورٹ منصوبوں کے ساتھ انضمام، مسافروں کی تعداد اور مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ 6سے 8ماہ کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے، صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ٹرانسپورٹ نظام بہتر بنانا ہے، ہر منصوبے کا متعلقہ پراجیکٹ منیجراپنے شعبے میں کام کر رہا ہے، چین کا دورہ بھی بہت اچھا رہا، وزیراعلیٰ سندھ کل صوبائی کابینہ کو اس دورے کے حوالے سے خود بریفنگ دیں گے، سندھ حکومت جمہوری انداز میں معاملات آگے بڑھا رہی اور ہر شعبے میں کام کر رہی ہے، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، آب پاشی اور بلدیاتی نظام سمیت تمام شعبوں میں عوام کی زندگی آسان بنانے اور ان کی بہتری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،خیبر پختونخوا میں اٹھایا گیا قدم کسی لالچ کے تحت تھا نہ اقتدار کی ہوس میں اٹھایا گیا، اگر ایسا ہوتا تو گورنر کی جانب سے مقرر کردہ مشیرسیاسی نمائندے ہوتے یا کسی سیاسی جماعت کی سفارش پر نامزد کئے جاتے، لیکن ان کا انتخاب خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا! اس وقت خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی ہے، جس نہ صرف وہاں کی حکومت بلکہ خیبر پختونخوا کے عوام اور پورا ملک متاثر ہو رہا ہے، بعض لوگ بلوچستان میں دہشت گردی کی مثال دیتے ہیں، لیکن وہاں کی حکومت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے، بلوچستان کے وزیراعلیٰ کی طرف سے دہشت گرد تنظیموں کے دفاتر کھولنے یا ان سے مذاکرات کا مطالبہ نہیں کیا جاتا! مگر بدقسمتی سے خیبر پختونخوا میں عمران خان اور ان کی جماعت کی حکومت کے سربراہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتے رہے ہیں۔