اسلام آباد (ساجد چوہدری )وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نےپاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرپرسن اور دو ممبران کی تقرری کیلئے سرچ اینڈ سلیکشن کمیٹی تشکیل دیدی ۔ شزہ فاطمہ کنونیئرہونگی، کمیٹی وزیر اعظم کو امیدواروں کی اہلیت و تجربے کی بنیاد پر سفارش کریگی ،اس ضمن میں نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کمیٹی کی کنونیئر ہونگی، وزیراعظم کیطرف سے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے چیئرپرسن اور دو ممبران کی تقرری کے لیے سرچ اینڈ سلیکشن کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی جس کے بعد یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی کے دیگر ممبران میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور، وزیر مملکت برائے ریلوے، خزانہ اور بلال اظہر کیانی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، کیبنٹ ڈویژن اور آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ڈویژن کے سیکرٹریز کے علاوہ پرال بورڈ کے ممبر سلمان اختر بھی شامل ہیں، کمیٹی کو تین خالی آسامیوں کے لیے موزوں امیدواروں کی شناخت اور شارٹ لسٹ کرنے کا کام سونپا گیا ،کمیٹی وزیر اعظم کو ہر عہدے کے لیے تین امیدواروں کی اہلیت اور تجربے کی بنیاد پر سفارش کرے گی۔