کراچی (اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر احمد عظیم علوی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے صنعتی ورکرز کے لیے کم ازکم اجرت 37ہزار روپے سے بڑھا کر 42 ہزار روپے مقرر کرنے کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ اقتصادی صورتحال میں صنعتوں کے لیے یہ اجرت دینا ممکن نہیں خاص طور پر جب کہ صنعتی یونٹس بند ہونے کے دہانے پر ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں بجلی، گیس اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے نے صنعتوں کو غیرمنافع بخش بنا دیا ہے۔ اگر یہ کم از کم اجرت منظور ہوتی ہے تو سندھ ملک بھر میں سب سے زیادہ اجرت دینے والا صوبہ بن جائے گا جبکہ افراط زر کی شرح صرف 6 فیصد ہے اور اجرت میں 14 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔