• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عائشہ فاروقی خالد جمالی کی جگہ روس کی نئی سفیر ہوں گی

اسلام آباد (صالح ظافر) عائشہ فاروقی خالد جمالی کی جگہ روس کی نئی سفیر ہوں گی، سات اہم دارالحکومتوں میں نئے سفیر ؛ جدہ قونصلیٹ سمیت دو نئے قونصل جنرل تعینات کیے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق ہم سفارتی ردوبدل کے تحت، پاکستان روس، آسٹریلیا، رومانیہ، میانمار، بنگلہ دیش، نائجر، کرغزستان، اور آئرلینڈ میں نئے سفیر تعینات کرے گا، جبکہ دو اہم قونصل خانوں میں قونصل جنرل تبدیل کیے جائیں گے۔ پاکستان کی سفیر برائے آئرلینڈ عائشہ فاروقی ماسکو میں روس کے سفیر کے طور پر ڈاکٹر خالد جمالی کی جگہ لیں گی۔ مریم آفتاب، جو اس وقت امریکا کے لیے اضافی سیکریٹری خارجہ ہیں، آئرلینڈ کے لیے سفیر مقرر ہوں گی۔ التمش وزیر خان، جو اس وقت ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل برائے مشرق وسطیٰ ہیں، کرغزستان کے لیے سفیر مقرر ہوں گے۔ عرفان شوکت آسٹریلیا کے لیے ہائی کمشنر کے طور پر کینبرا روانہ ہوں گے تاکہ وہ زاہد حفیظ چوہدری کی جگہ لے سکیں۔ الیاس نظامانی، محمد ارشد جان پٹھان کی جگہ رومانیہ کے سفیر مقرر ہوں گے۔ طارق کریم کو میانمار کے لیے سفیر کے طور پر عمران حیدر کی جگہ تعینات کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ عمران حیدر کو بنگلہ دیش کے لیے ہائی کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جو سید احمد معروف کی جگہ لیں گے۔ شاہ فیصل کاکڑ نائیجر کے شہر نیامی میں سفیر مقرر ہوں گے، جہاں وہ احمد علی ساروہی کی جگہ لیں گے۔ مصطفیٰ ربانی کو جدہ میں قونصل جنرل مقرر کیا جائے گا، جبکہ شہباز حسین کھوکھر، جو اس وقت وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل یورپ ہیں، مونٹریال (کینیڈا) میں قونصل جنرل کے طور پر تعینات ہوں گے۔ پاکستان کے سفیر خالد جمالی وزارت خارجہ کے گریڈ 22 کے سینئر ترین افسران میں سے ہیں اور امکان ہے کہ وہ ہیڈکوارٹرز واپس آنے کے بعد اپنے دفتری فرائض سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ ذڑائع کا کہنا ہے کہ زاہد حفیظ چوہدری کو اضافی سیکریٹری خارجہ مقرر کیا جائے گا، جبکہ سید احمد معروف کو وزارت خارجہ میں واپسی کے بعد ایک اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید