کراچی( افضل ندیم ڈوگر) جمعرات کو علی الصبح پنجاب کا موسم شدید خراب ہونے اور طوفان باد و باراں کے دوران پاکستان سے اوور فلائنگ کی درجن سے زائد پروازیں مشکل کا شکار رہی۔ ایسے میں اسلام آباد سے دبئی کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز بھارتی حدود میں گھس گئی جو 12 منٹ بعد واپس پاکستانی حدود میں آسکی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام اباد سے امارات ایئر کی پرواز ای کے 715 صبح 4 بجے دبئی کیلئے روانہ ہوئی تو شدید بارش اور طوفان بعد دوبارہ جاری تھا۔ جس کی وجہ سے پرواز روٹ سے بھٹک گئی اور نارووال کے قریب سے صبح چار بج کر 25 منٹ پر بھارت کی فضائی حدود میں داخل ہوگئی۔ بوئنگ 777 طیارہ امرتسر سے چکر کاٹ کر قصور کے قریب سے 4:36بجے واپس پاکستانی حدود میں داخل ہوا اور دبئی کے روٹ پر جاکر منزل پر پہنچا۔ طوفان کے دوران بیشتر غیر ملکی پروازوں کو پاکستان کی فضائی حدود میں چکر کاٹنا پڑے۔ بینکاک سے لندن کی تھائی ایئر کی پرواز پاکستانی حدود میں 15 منٹ تک چکر کاٹتی رہی۔ ٹائپی سے پیرس، باکو اسلام آباد، اسلام آباد لندن، منیلا استنبول، دہلی استنبول، مسقط اور استنبول سے لاہور کی پروازیں بھی پاکستانی فضائی حدود میں مشکل کا شکار رہیں۔