کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک سے ان کی رہائشگاہ میں پارٹی کے کارکنوں، قبائلی معتبرین، سیاسی رہنماؤں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پارٹی کی موجودہ تنظیمی صورتحال، عوامی رابطہ مہم اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیےبھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حاجی علی مدد جتک نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی طاقت ہے اور اس کی جڑیں ہر گلی، ہر محلے اور ہر قبیلے میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال میں پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا،قبائلی معتبرین اور سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ علی مدد جتک کی قیادت میں پارٹی میں نئی جان آگئی ہے۔