کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ،ضلع ایگزیکٹوز دوست محمد ہنہ وال ، خان زمان کاکڑ، ضلع کمیٹی کے اراکین عبدالعلیم صاحب، فرید طوفان ، ملک فرحان یاسین زئی ،تحصیل صدر اطلاعات سیکرٹری فتح اللہ کاکڑ، ہنہ اوڑک کے علاقائی سیکرٹری صادق کاکڑ، سینئر معاون سیکرٹری یونس خان ودیگر ایگزیکٹیوز اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہنہ اوڑک میں بجلی کی ترسیل فوری طور پر بحال کی جائے، کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں گزشتہ تین روز سے بجلی کی مسلسل بندش کے باعث علاقہ مکین ذہنی کوفت کا شکار ہوچکے ہیں ۔ کیسکو کی ذیلی انتظامیہ بجلی کی بحالی اور شکایات کے ازالے کے لیے بے بسی کا مظاہرہ کررہی ہے جس کے باعث اہل علاقہ شدید گرمی میں احتجاج پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سال2022میں مسلسل تین دن تک بارش اور سیلاب کے باعث ہنہ اوڑک کی انفراسٹریکچر تباہ ہوا اور آج تک اس انفراسٹریکچر کی دوبارہ بحالی وتعمیر کے لیے اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ محض سڑک کی تعمیر کا کام وہ بھی تین سال بعد شروع ہوا ہے ۔مختلف ڈونرز ایجنسیوں کی جانب سے لاکھوں ڈالرز کی امداد اور تعمیراتی کام اب تک سرد خانے کی نذر ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنہ اوڑک کے عوام پر سردیوں میں گیس کی مکمل بندش اور گرمیوں میں بجلی کی مکمل بندش قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے ہنہ اوڑک کے سیلاب زدگان کے لیے سروے کے مطابق نقصانات کے ازالے کے لیے جلد سے جلد کام کا آغاز کیا جائے۔