اسلام آباد( رپورٹ ، تنویر ہاشمی ) رواں مالی سال جولائی تا مئی کے 11ماہ میں ترسیلات زر 28.8فیصد اضافے سے 34ارب89کروڑ ڈالر ، برآمدات 4فیصدا ضافے سے 29 ارب 69 کروڑ ڈالر،درآمدات 11.5فیصدا ضافے سے 54 ارب 8 کروڑ ڈالر رہیں ، ایف بی آر ریونیو گیارہ ماہ میں 25.9فیصد اضافے سے 10234ارب روپے جمع کیاگیا گزشتہ برس اس عرصے میں 8126ارب روپے ٹیکس ریونیو جمع کیاگیا تھا، نان ٹیکس ریونیو 68.1فیصد اضافے سے 4354ارب روپے رہا جو گزشتہ برس اس عرصے میں 2590ارب روپے تھا ،رواں ماہ جون میں ملک میں مہنگائی کی شرح تین فیصد سے 4فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، رواں مالی سال جولائی تا مئی کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 4.6فیصد رہی ہے ، ، وزارت خزانہ کے ماہانہ اقتصادی آئوٹ لک رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری میں گیارہ ماہ میں 7.6فیصد کمی ہوئی ، کرنٹ اکائونٹ 1812ارب روپے سرپلس رہا، جولائی تا اپریل کے 10ماہ میں مالی خسارہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 21.9فیصد کمی کے ساتھ 3689ارب روپے رہا اور مجموعی طور پر مالی خسارہ جی ڈی پی کا 3.2فیصد رہا جو گزشتہ برس 4.5فیصد تھا۔