• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی شاہی خاندان کی طرف سے سر انور پرویز کی سالگرہ کے موقع پر دعوت

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد ارب پتی صنعتکار اور فلاحی شخصیت سر انور پرویز کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر اس وقت انہیں ایک منفرد اعزاز حاصل ہوا، جب انہیں بادشاہ چارلس اور ملکہ کی جانب سے رائل اسکاٹ ریسز کے موقع پر رائل باکس میں چائے کیلئے مدعو کیا گیا۔شاہی خاندان کی طرف سے یہ دعوت سر انور کی سالگرہ کی تقریبات کا حصہ تھی۔ اس موقع پر بادشاہ چارلس نے برطانوی معاشرے کیلئے سر انور پرویز کی 60 سالہ خدمات کا اعتراف کیا۔سر انور پرویز 1956ء میں پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوئے تھے۔ ابتدا میں بریڈفورڈ میں مختلف ملازمتیں کیں، بعد ازاں لندن آ کر 1963ء میں پہلا ریٹیل اسٹور کھولا اور پھر 1976ء میں بیسٹ وے کی بنیاد رکھی۔سر انور نے اپنے کاروباری اور فلاحی کاموں کے ذریعے خصوصاً پسماندہ طبقات میں کاروباری جذبہ ابھارنے اور ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔سر انور کی سالگرہ کے موقع پر موجودہ اور سابق ارکان پارلیمنٹ نے ایک تقریب میں شرکت کی۔ سابق وزیر ٹام ٹگن ہاٹ اور لارڈ مائوڈ نے سر انور کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں برطانوی معاشرے کی بہترین اقدار کا عکاس قرار دیا۔سابق لارڈ چانسلر سر برینڈن لیوس نے بتایا کہ کس طرح 1980ء کی دہائی میں سر انور اور بیسٹ وے نے ان کے خاندان کے چھوٹے کاروبار کو پھلنے پھولنے میں مدد دی تھی۔ لارڈ مائوڈ اور سر برینڈن نے پاکستان کے ان دوروں کا بھی ذکر کیا جو سر انور نے ان کیلئے بطور چیئرمین کنزرویٹو پارٹی ارینج کیے تھے۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور وزیر برائے بین المذاہب امور لارڈ خان آف برنلے نے پاک برطانیہ تعلقات میں سر انور کی خدمات کو اجاگر کیا۔ سر انور کی قائم کردہ فلاحی تنظیم بیسٹ وے فاؤنڈیشن 1987ء سے شاہی فلاحی اداروں جیسے برٹش ایشین ٹرسٹ، ڈیوک آف ایڈنبرا ایوارڈز، پاکستان ریکوری فنڈ اور پرنسز ٹرسٹ کے ساتھ کام کر رہی ہے۔اب تک بیسٹ وے فاؤنڈیشن برطانیہ میں اسکولوں، جامعات اور اسپتالوں کیلئے 44؍ ملین پائونڈز سے زائد عطیات دے چکی ہے۔
اہم خبریں سے مزید