لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں 2فیصد اضافہ کر دیا، جس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرین کرایوں میں اضافے کا اطلاق 4 جولائی سے کیا جائے گا، ریلوے کرایوں کا اطلاق تمام مسافر، شٹل اور سیلونز گاڑیوں پر ہو گا۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 2 فیصد کرایہ بڑھنے کا اطلاق ایڈوانس بکنگ پر بھی عائد ہو گا، ڈائریکٹر آئی ٹی اور ڈی ایس افسران کو نئے کرایوں پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی۔ریلوے حکام کے مطابق ڈیزل مہنگا ہونے سے ریلوے کو ماہانہ 10 کروڑ 90 لاکھ روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔واضح رہے کہ حکومت نے یکم جولائی سے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک کا اضافہ کر دیا تھا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے اوگرا اور متعلقہ وزارتوں کی سفارشات پر آئندہ پندرہ دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ ڈیزل 10 روپے 39 پیسے اور فی لیٹر پیٹرول 8 روپے 36 پیسے مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔