کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے حق پرست اراکینِ صوبائی اسمبلی نے کراچی میں نمبر پلیٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے پولیس اور ٹریفک پولیس کے ذریعے شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کرکے ان کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا نیا طریقہ اپنایا ہے۔ ایک جانب شہریوں کو ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نمبر پلیٹ جاری کرنے میں کئی ماہ کی تاخیر کا سامنا ہے، جبکہ عملے کی جانب سے رشوت طلب کرنا معمول بن چکا ہے۔ شہریوں کو 4 سے 5 ماہ بعد کی تاریخیں دی جا رہی ہیں، اور اس کے باوجود بھی رشوت کے بغیر انکا کام نہیں کیا جاتا جبکہ دوسری جانب پولیس اور ٹریفک پولیس مخصوص نمبر پلیٹ نہ ہونے کی بنیاد پر موٹر سائیکل اور گاڑی مالکان پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کر رہی ہے، جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے، نمبر پلیٹس کے اجرا کا عمل شفاف اور فوری بنایا جائے، اور اس مسئلے کے حل ہونے تک شہریوں کو مہلت دی جائے، حکومت سندھ اس لوٹ مار کو بند کرے، ورنہ ایم کیو ایم عوام کے ساتھ مل کر پُرامن احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔