اسلام آباد(کامر س رپورٹر ) کمپٹیشن کمیشن نے فارماسیوٹیکل سیکٹر میں ممنوعہ معاہدے پر 2 کمپنیوں کو جرمانہ عائد کردیا، سی سی پی نے کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ممنوعہ معاہدہ اور اس پر عملدرآمد کرنے پر مجموعی طور پر 4کروڑ 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ کمیشن نے مزید ریگولیٹری و قانونی کارروائی کے لیے اس معاملے کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی بھجوا دیا ہے۔کمیشن نے اپنے تفصیلی فیصلے میں دونوں کمپنیوں کو ممنوعہ معاہدے کرنے پر قصوروار قرار دیا۔ اس معاہدے کے تحت ایک کمپنی کو تین سال تک پاکستان میں انسانی استعمال کی فارماسیوٹیکل مصنوعات کی ڈسٹری بیوشن کی مارکیٹ میں داخلے سے روکا گیا۔ اس کے بدلے میں دوسری کمپنی کو کو ایک ارب 13کروڑ روپے سے زائد کی رقم بطور معاوضہ ادا کیا۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کا طرز عمل مارکیٹ میں کمپٹیشن کو کمزور کرتا ہے اور صارفین کے مفاد کو نقصان پہنچاتا ہے۔ کمپٹیشن کمیشن کے فیصلے میں کمپنیوں کو تیس دن کے اندر تعمیل کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ۔