کراچی ( جنگ نیوز)پاکستانی سینما میں خوف کی ایک نئی لہر نے دھاوا بول دیا ہے، پاکستان کی پہلی اور سب سے بڑی ہارر فلم ”دیمک“نے ریلیز کے بعدسے اب تک حیرت انگیز طور پر 15کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے نا صرف نقادوں بلکہ باکس آفس کو بھی چونکا دیا ہے۔ ”جیو فلمز“ کی نئی پیشکش ایک طوفان کی مانند آگے بڑھ رہی ہے۔ فلم کے ہولناک مناظر، سنسنی خیز پلاٹ اور خوفناک کرداروں نے ناظرین کو سینما کی نشستوں سے جکڑ کر رکھ دیا ہے۔ فلم ”دیمک“ کو دیکھنے کیلئے ملک کے مختلف شہروں میں موجود سینما گھروں کے باہر لمبی قطاریں اس بات کی گواہی دے رہی ہیں کہ پاکستانی ناظرین اب بھی اچھے مواد کو سراہتے ہیں چاہے وہ وحشت سے بھر پور ہی کیوں نا ہوں۔ فلم کے پروڈیوسر سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ہماری ٹیم کی نہیں، بلکہ پاکستانی سنیما کی جیت ہے، ہمیں خوشی ہے کہ ”دیمک“نے نا صرف کاروباری لحاظ سے تاریخ رقم کی ہے بلکہ فلم انڈسٹری میں ہارر موویز کیلئے نیا خوف بھی پیدا کردیا ہے۔ فلم کے ہدایتکار رافع راشدی کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع ہے آنے والے دنوں میں یہ فلم مزید ریکارڈ توڑ سکتی ہے۔