اسلام آباد( نیوز رپورٹر)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ حکومت بجلی کے بنیادی ٹیرف، پٹرول کی قیمت اور لیوی میں کمی لائے، بجٹ میں اشرافیہ،جاگیرداروں کو نوازا گیا، حکمران مراعات، عیاشیاں، پروٹوکول کم کرنے کو تیار نہیں، عوام کو نچوڑا جارہا ہے، ملک پر مافیا کا راج، چینی گندم کے برآمدی، درآمدی کھیل سے اربوں لوٹے جارہے ہیں۔ ٹرمپ سے کشمیر پر منصفانہ ثالثی کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے، کسی نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جرآت کی تو عوامی قوت سے اسے ناکام بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز جماعت اسلامی اسلام آباد کے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم،امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور امیر راولپنڈی سید عارف شیرازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔