• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی عدالت نے ٹرمپ پر مقدمے کی درخواست مسترد کردی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مقدمہ اندراج کی درخواست ناقابل سماعت ہونے پر مسترد کردی ہے ۔ بدھ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست میں ایران پر امریکی حملے کیخلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے استدعا کی گئی جبکہ سرکاری وکیل طاہر خان کو عدالتی معاونت کے لئے بلایا گیا تھا۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر جعفر عباس جعفری نے تفصیلی طور پر اپنے دلائل دیئے۔ درخواست گزارکے وکیل کا کہنا تھاکہ ایران پر حملے امریکی صدر کے حکم پر کئے گئے تھے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہاکہ امریکی سپریم کورٹ کے 2024 کے فیصلے کے مطابق صدر مملکت کو استثنیٰ حاصل ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھاکہ پاکستان جسٹس سسٹم میں اس معاملات میں مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے جسکے بارے میں سیکشن موجود ہیں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہاکہ اس درخواست کی استدعا کو قانونی طور پر مانا نہیں جاسکتا، اس طرح کی کارروائی سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی ہم آہنگی میں خلل آسکتاہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیاکہ ایران ہمارا اتحادی ہے اور ہمارا پڑوسی بھی ہے، سیکشن 126 اور 228 کے تحت کاروائی کی جاسکتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید